ویب ڈیسک: بھارتی حکام نے یوٹیوبر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر جیوتی ملہوترا پر ایک نیا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ کم از کم چار پاکستانی انٹیلی جنس ایجنٹس کے ساتھ رابطے میں رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے جیوتی ملہوترا کے تین موبائل فونز سے مجموعی طور پر 12 ٹیرا بائٹ ڈیٹا برآمد کیا ہے۔ سینئر پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ یوٹیوبر کے لیپ ٹاپ کا ڈیٹا ابھی جانچ کے مرحلے میں ہے جبکہ ان کے چار بینک اکاؤنٹس کی بھی تفصیلی تفتیش جاری ہے۔بھارتی حکام نے میڈیا کے سامنے ایک دعویٰ کیا ہے کہ فارنزک رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ جیوتی ملہوترا نے کم از کم چار پاکستانی انٹیلی جنس آپریٹیوز کے ساتھ براہ راست رابطہ رکھا۔ تاہم، اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ پاکستانی ایجنٹس کون ہیں یا ان کی شناخت کیا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جیوتی کو پاکستان کے دوروں کے دوران خاص اہمیت دی گئی تھی اور برآمد شدہ ڈیجیٹل ڈیٹا کی جانچ پڑتال جاری ہے تاکہ مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔یاد رہے کہ جیوتی ملہوترا کو پاکستان کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں 14 روزہ جوڈیشل کسٹڈی میں بھیج دیا گیا ہے۔ 33 سالہ جیوتی اب حصار پولیس کی تحویل میں ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔