مغوی محمد سلیم کو زنجیروں سے جکڑ کر رکھا گیا تھا، اہلیہ اور بچوں کو کمرے میں بند کر کے باہر سے تالہ لگایا گیا تھا
لاہور( آئی این پی )لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر منڈی بہائوالدین کے رہائشی محمد قاسم کی درخواست پر چھ افراد کو ایک مقامی زمیندار کی غیرقانونی حراست سے بازیاب کرا لیا گیا۔ عدالت نے تمام بازیاب ہونے والے افراد کو فوری طور پر گھر جانے کی اجازت دیدی۔ جسٹس طارق محمود باجوہ نے کیس کی سماعت کی اور افراد کی بازیابی کے لیے تنویر حسین کو بیلف مقرر کیا۔ بیلف نے مقامی پولیس کی مدد سے پھالیہ کے گائوں جوکالیاں میں زمیندار محمد اکرم کے ڈیرے پر چھاپہ مارا اور وہاں سے تمام مغوی افراد کو بازیاب کرایا۔عدالت میں جمع کروائی گئی بیلف کی رپورٹ کے مطابق مغوی محمد سلیم کو زنجیروں سے جکڑ کر رکھا گیا تھا، جبکہ اس کی اہلیہ اور بچوں کو ایک کمرے میں بند کر کے باہر سے تالہ لگایا گیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زمیندار محمد اکرم نے پورے خاندان کو غیرقانونی طور پر قید کر رکھا تھا۔عدالت نے تھانہ متعلقہ ایس ایچ او کو حکم دیا کہ مدعی کی درخواست کی روشنی میں مکمل چھان بین کرے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔