ٹھٹھی مرید کے زمیندار نے 9 افراد کو ڈیرے پر غیر قانونی قید کررکھا تھا
بیلف نے 8 افراد کو بازیاب کرا لیا ،ایک شخص تاحال قید میں :رپورٹ
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے مقامی زمیندار کی قید سے 8 افراد کو بازیاب کروا کر گھر جانے کی اجازت دیدی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے منڈی بہا ئوالدین کی رہائشی زاہدہ بی بی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ گا ئوں ٹھٹھی مرید کے زمیندار نے 9 افراد بشمول بچوں کو اپنے ڈیرے پر غیر قانونی قید کررکھا ہے۔ عدالت نے تنویر حسین کوبیلف مقرر کرتے ہوئے تمام مقید افراد کو بازیاب کروا کر عدالت پیش کرنے کا حکم دیا جسکے بعد بیلف نے مقامی پولیس کے ہمراہ زمیندار کے ڈیرہ سے 12 گھنٹے کی کوششوں کے بعد 8 مقید افراد کو بازیاب کرا لیا۔ بیلف کی رپورٹ کے مطابق مقید افراد کی بازیابی کے دوران زمیندار اور دیگر افراد نے شدید مزاحمت کی ، ایک شخص غلام نبی کو بازیاب نہ کرایا جاسکا۔ عدالت نے بازیاب افراد کو گھر جانے کی اجازت دے دی اور متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او کو واقعہ کی چھان بین کرکے غلام نبی کو بھی بازیاب کرانے کا حکم جاری کر دیا۔