افسوسناک واقعہ فلائنگ پیپر مل خانپور میں پیش آیا، فیکٹری میں پلپ والے ٹب کے اندر کام کرتے ہوئے مزدور زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوکر گرگئے
8 مزدور بے ہوش ہوئے ، 3 موقع پر ہی دم توڑ گئے ، 5 کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا، ایک مزدور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا
شیخوپورہ(یواین پی)شیخوپورہ میں ایک نجی پیپر مل میں زہریلی گیس پھیل گئی جس کے نتیجے میں دم گھٹنے سے 4 مزدور جاں بحق ہوگئے، افسوسناک واقعہ فلائنگ پیپر مل خانپور میں پیش آیا فیکٹری میں پلپ والے ٹب کے اندر کام کرتے ہوئے مزدور زہریلی گیس کی وجہ سے بے ہوش ہوکر گرگئے۔ریسکیو کا بتانا ہے کہ زہریلی گیس سے 5 مزدور بے ہوش بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، مزدوروں میں سے 2 متاثرہ مزدوروں کو طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا جب کہ 2 ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق مزدوروں میں 40 سالہ عباس، 19 سالہ بلال، 30 سالہ علی حیدر، 30 سالہ شعیب عبدالستار شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق گیس لیکج کے باعث ابتدائی طور پر 8 مزدور بے ہوش ہوئے تھے جن میں سے 3 موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ 5 کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک مزدور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا، چار مزدور اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کاآغاز کردیا ہے۔