جائے وقوعہ سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا
نئی دہلی(آئی این پی )بھارت میں ایک ہی خاندان کے 7افراد نے قرض سے تنگ آکر زہر کھا کر اجتماعی خودکشی کر لی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر دیہرادون میں پیش آیا جہاں سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 7افراد نے مبینہ طور پر مالی پریشانیوں سے تنگ آکر زہر کھا کر خودکشی کر لی۔رپورٹ کے مطابق خودکشی کرنے والا خاندان شدید مالی بحران کا شکار تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ پریوین مِتل جو دیہرادون کے رہائشی تھے، اپنے خاندان کے ساتھ پنچکولہ کے باگیشور دھام میں منعقدہ ایک روحانی پروگرام میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاندان پروگرام کے اختتام کے بعد واپس دیہرادون جا رہا تھا۔ خودکشی کرنے والے افراد میں 42سالہ پریوین مِتل، ان کے والدین، اہلیہ، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہیں۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش سے واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے۔پولیس نے تصدیق کی ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے پنچکولہ کے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔