بھارتی گجرات میں بھوک و قرض سے تنگ خاندان کی اجتماعی خودکشی

 آٹورکشا ڈرائیور بھاری قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا،بیوی،دوبیٹیوں اوربیٹے کو زہر دیکر زندگی کاخاتمہ کرلیا 
 نئی دہلی (آئی این پی )بھارت میں مودی سرکار کا ملک کو چوتھی بڑی معیشت بنانے کا فریب بے نقاب ہوگیا، جہاں عوام بھوک اور قرضوں کے بوجھ تلے دب کر خودکشی پر مجبور ہو رہے ہیں۔عام بھارتی عوام غربت، مہنگائی اور پسماندگی کا شکار ہوتے جا رہے ہیں۔ مودی راج کے معاشی ترقی کے جھوٹے دعوئوں کو بھوک، قرض اور خودکشیوں کی حقیقت نے بے نقاب کر دیا ہے۔مودی راج میں قرض، بھوک اور معاشی ناہمواری نے عام بھارتی شہریوں کو اجتماعی خودکشی جیسے فیصلوں پر مجبور کر دیا ہے۔ تازہ خبروں کے مطابق مودی راج کے گجرات میں بھوک و قرض سے تنگ ایک خاندان نے اجتماعی خودکشی کرلی۔این ڈی ٹی وی کے مطابق 20 جولائی کو گجرات کے ضلع احمد آباد میں میاں بیوی اور 3بچوں کی لاشیں گھر سے برآمد ہوئیں۔ والدین نے مبینہ طور پر 2بیٹیوں اور ایک بیٹے کو زہر دے کر خودکشی کر لی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ویپل وگھیلا گھر کا واحد کفیل تھا، جو آٹو رکشا چلاتا تھا اور بھاری قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں 3 سال میں 1866 خودکشیاں ہوئیں جن میں 19 فیصد مالی دبائو اور غربت کی وجہ سے تھیں۔