سندھ ہائیکورٹ:بینظیر انکم سپورٹ فنڈ کے برطرف ملازمین کی مشروط بحالی، انکوائری کا حکم

انکوائری کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازم ہو گا، اس دوران ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی ،عدالت 
کراچی(آئی این پی )سندھ ہائیکورٹ نے بینظیر انکم سپورٹ فنڈ کے برطرف ملازمین کو مشروط طور پر بحال کرنے کا حکم دیدیا۔سندھ ہائیکورٹ میں بی آئی ایس پی کے برطرف ملازمین کی بحالی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان ملازمین کو بیگمات، رشتہ داروں اور قریبی افراد کو غیر قانونی فائدہ پہنچانے کے الزامات کے تحت نوکریوں سے برطرف کیا گیا تھا، عدالت نے مشروط بحالی کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ بحالی کے باوجود متعلقہ ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق باقاعدہ انکوائری کی جائے گی۔عدالتی فیصلے کے مطابق انکوائری کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کرنا لازم ہو گا، اس دوران ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی تاہم اگر انکوائری تین ماہ میں مکمل نہ ہو سکی تو تنخواہوں کی ادائیگی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔عدالت نے تمام فریقین کو انکوائری کے عمل میں تعاون کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔