پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہمیشہ غریب عوام رہی ہے، روبینہ خالدکا شیروان میں دفتر ،نصرت بھٹو شہید روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب
ایبٹ آباد(آئی این پی )بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہمیشہ غریب عوام رہی ہے،، ملک میں پچاس فیصد سے زائد خواتین ہیں، جب تک ہم اپنی خواتین کو مضبوط نہیں کریں گے ہم ترقی کا خواب کبھی بھی پورا نہیں کر سکتے۔انہوں نے ان خیالات کااظہار تحصیل لوئر تناول کیلئے شیروان میں بی آئی ایس پی دفتر اور نصرت بھٹو شہید روڈ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔روبینہ خالد نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبہ میں نمائندگی ملنی چاہیے، ایبٹ آباد میں نچلی سطح تک خواتین کی تنظیم سازی پر ہم ضلعی سطح کو سلیم شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انتخابات میں خواتین کی عدم شرکت کے باعث ایبٹ آباد میں ہمیں گذشتہ انتخابات میں نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے خواتین کو ہر دور میں برابری کے حقوق دیکر انہیں معاشرہ میں برابر کا شہری بنایا ہے، پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہمیشہ غریب عوام رہی ہے، یہی لوگ ہمیں منتخب کر کے ایوانوں میں بھیجتے ہیں، غریب عوام کی زندگیوں میں تبدیلیاں لانا ہمارا اولین مقصد ہے۔ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی پارٹی نے اور ہمیشہ اس ملک کی غریب عوام کا سوچتی ہے۔