وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، یوم آزادی پر مبارکباد دی‘حمایت پر شکریہ ادا کیا
دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بہت جلد کی جائے گی:ملاقات میں فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے آذربائیجان کے شہر لاچین شہر میں دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ، سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف دی آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات دونوں رہنماؤں اور ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاس ہے۔وزیر اعظم نے آذربائیجان کے یوم آزادی کے موقع پر صدر علییوف اور آذربائیجان کے عوام کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا آذربائیجان کی عوام کا پاکستانی عوام کے ساتھ لازوال رشتہ ہے۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعہ کے دوران پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کا شکریہ ادا کیا اور برادر ملک آذربائیجان کی قیادت اور عوام کی جانب سے اظہار یکجہتی کو سراہا۔وزیراعظم نے آذربائیجان کی پاکستان بھارت کشیدگی کے دوران بھرپور حمایت پر وزیراعظم نے آزربائیجان کی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں یہ بھی طے پایا دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات بہت جلد کی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا لاچین میں اس اجلاس کا انعقاد، آذربائیجان کی استقامت اور بحالی کے سفر کی عکاسی کرتا ہے، جو کہ دونوں ممالک کے لیے گہری علامتی اور جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔