وزیر اعلی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں 10گنا اضافہ کردیا
عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر ان کے والدین کو ذمہ دار ٹھہرا کر مقدمات درج کئے جائیں گے‘ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ پر بھی مقدمہ ہوگا‘چالان کیساتھ تصویری ثبوت ہوں گے
دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر بھاری جرمانہ ‘ بند یا خراب ہیڈ لائٹس کے ساتھ گاڑی چلانے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی:اجلاس میں فیصلے
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ٹریفک نظام میں بہتری سے متعلق اعلیٰ سطح کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت اقدامات کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر عائد جرمانے 10 گنا تک بڑھا دیے جائیں گے۔ کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ پر ان کے والدین کو ذمہ دار ٹھہرا کر مقدمات درج کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ نے گاڑیوں سے باہر خطرناک انداز میں لٹکتے سریے کو فوری طور پر روکنے اور ایسی گاڑیوں کو بند کرنے کی ہدایت کی، جب کہ ون ویلنگ یا خطرناک ڈرائیونگ پر بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔اجلاس میں بیدیاں اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کا حکم دیا گیا۔ پنجاب کے 372 اور لاہور کے 77 پوائنٹس کی ری ماڈلنگ پر بھی غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ٹریفک چالان کے ساتھ ویڈیو اور تصویری ثبوت منسلک کیے جائیں، اور ٹریفک جام کی پیشگی نشاندہی کے لیے روڈ سائیڈ پر ڈیجیٹل اسکرینز نصب کی جائیں۔دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر بھاری جرمانہ عائد کرنے پر بھی اصولی اتفاق ہوا، جب کہ بند یا خراب ہیڈ لائٹس کے ساتھ گاڑی چلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں ٹریفک پولیس کی یونیفارم کی تبدیلی اور پانچ مختلف کیٹگریز میں تقسیم پر بھی غور کیا گیا۔ شفافیت کے لیے ٹریفک وارڈنز کو ان کیمرہ چالان کا اختیار دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ٹریفک پولیس کو جدید پٹرول گاڑیاں اور جدید ترین آلات فراہم کرنے کی منظوری بھی دی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ٹریفک کے نظام میں بہتری نظر نہیں آ رہی، ہمیں ٹھوس اور پائیدار اقدامات کرنا ہوں گے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شاہ پور کانجراں میں ملک کی سب بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ کا افتتاح کر دیا،مریم نوازشریف نے شاہ پور کانجراں ماڈل کیٹل مارکیٹ کا دورہ کیا اور ماڈل کیٹل میں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ماڈل کیٹل مارکیٹ پراجیکٹ بارے مکمل بریفنگ دی گئی،بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ ماڈل کیٹل مارکیٹ میں25 ہزاربڑے جانوراورڈیڑھ لاکھ چھوٹے جانورکی گنجائش ہوگی۔74 ایکڑ رقبے پر قائم ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مویشیوں کیلئے20بڑے شیڈ بنائے گئے۔ماڈل کیٹل مارکیٹ میں پہلی مرتبہ جانوروں کے شیڈمیں پنکھے بھی لگائے گئے۔ماڈل کیٹل مارکیٹ میں مویشیوں کووبائی امراض سے بچانے کیلئے قرنطینہ سنٹر بھی بنایا گیا جبکہ بیوپاریوں کیلئے 20 بڑے رہائشی کمرے بھی بنائے گئے۔دوران بریفنگ وزیراعلیٰ مریم نواز کومزید بتایا گیا کہ ماڈل کیٹل مارکیٹ میں وسیع پارکنگ، پولیس چوکی اور وسیع وعریض اوپن ایریا بھی موجود ہے۔ماڈل کیٹل مارکیٹ میں اکشن بے بھی قائم کیا گیا ہے اور جدید ترین سلاٹر ہاوس بھی موجود ہے۔ پنجاب کی دوسری بڑی ماڈل کیٹل مارکیٹ جھنگ میں بنائی جائے گی۔