’فینز کے بغیر لیگ ادھوری ہے‘، پی ایس ایل فرنچائز مالکان کی وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل

’فینز کے بغیر لیگ ادھوری ہے‘، پی ایس ایل فرنچائز مالکان کی وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل

پاکستان سپر لیگ سیزن 11 (پی ایس ایل) کی مختلف فرنچائزز کے مالکان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اسٹیڈیمز میں شائقین کو داخلے کی اجازت دینے کی مشترکہ اپیل کر دی ہے۔

 فرنچائز مالکان کا کہنا ہے کہ شائقین کی موجودگی ہی لیگ کی اصل روح ہے اور بغیر ان کے میچز نامکمل محسوس ہوتے ہیں۔لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا جشن ہے، لیکن شائقین کے بغیر یہ ادھورا لگتا ہے۔ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے کہا کہ تمام فرنچائزز شائقین کی واپسی چاہتی ہیں کیونکہ کرکٹ کا حسن عوام کی موجودگی سے جڑتا ہے۔راولپنڈی ز کے مالک احسن طاہر نے کہا کہ یہ کھیل پاکستانی عوام کی میراث ہے اور ان کے جذبے سے زندہ رہتا ہے۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے لیگ کو عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ فینز کا جوش لیگ کی حقیقی شناخت ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہ گراؤنڈ میں شائقین کی توانائی لیگ کی دھڑکن ہے۔
حیدرآباد کنگز کے مالک فواد سرور نے پہلے میچ میں شائقین کی کمی کی شدت محسوس کی اور کہا کہ ہر باؤنڈری اور وکٹ پر تماشائیوں کا شور ضروری ہے۔کراچی کنگز کے مالک نے بھی خالی اسٹیڈیمز دیکھ کر افسوس کا اظہار کیا۔مالکان نے متفقہ طور پر زور دیا کہ پی ایس ایل صرف ٹورنامنٹ نہیں بلکہ قومی اتحاد اور عوامی جذبات کی علامت ہے، اور اس کی تکمیل شائقین کی موجودگی کے بغیر ممکن نہیں۔