اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف آج پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل مقابلہ کے موقع پر قذافی اسٹیڈیم پہنچے جہاں انہوں نے نہایت جذبہ اور دلچسپی سے میچ دیکھا۔
اس دوران وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا گیا، جب کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اس موقع پر کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کی محنت اور لگن کو سراہا۔ انہوں نے فائنل تک پہنچنے والی دونوں ٹیموں، پشاور زلمی اور حیدر آباد کنگز، کی کوششوں کی بھی تعریف کی اور فائنل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کپتانوں کے ہمراہ ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس کے علاوہ، اس تقریب میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، اعظم نزیر تارڑ، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، عبد العلیم خان، رانا مبشر اقبال اور معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے۔
یہ فائنل مقابلہ پاکستان کی کرکٹ کے لیے ایک اہم اور تاریخی لمحہ ہے، جس میں ملک بھر کے شائقین کرکٹ کی نگاہیں لگی ہوئی ہیں۔