مین دیپالپور روڈ پربس کی ٹکرسے رکشہ سوارٹیچرحمنہ دم توڑگئی ،7طلبہ زخمی
چھانگا مانگا اور میاں والا گھاٹ میں 3 افراد، پنڈی بوہڑی میں 2نوجوان ہلاک
قصور،کھڈیاں خاص،ظفروال (خصوصی رپورٹ )قصور اورظفروال میں ٹریفک حادثات میں خاتون ٹیچرسمیت 6افرادجاں بحق ہوگئے ،بتایاگیاہے کہ مین دیپالپور روڈ فیض عام کمپلیکس نیا لاری اڈہ کے قریب تیزرفتار ٹرک نے رکشہ سوارنجی سکول کے بچوں کو کچل دیا،جس سے 11سالہ نور، 12سالہ عبدالرؤف، 5 سالہ شاہ زیب،7 سالہ زوہیب، 10 سالہ حسنین اور نگہت سمیت سات بچے زخمی ہوگئے جبکہ موضع دوست پورہ کی رہائشی 25سالہ ٹیچر حمنہ جس کی چندروزبعدشادی تھی جاں بحق ہوگئی ، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز بلھے شاہ ہسپتال قصور منتقل کردیا گیاجبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا ۔ادھر چھانگا مانگا جنگل کے قریب مین روڈ پر بہاول نگر سے لاہور جانے والی مسافر بس نے سڑک کنارے کھڑی اینٹوں سے بھری خراب ٹریکٹر ٹرالی کو ٹکر مار دی،جس سے 26 سالہ مستنصر موقع پر ہی دم توڑگیا جبکہ ارشد ،عمران اور زبیر زخمی ہو گئے،جنہیں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال چونیاں منتقل کر دیا گیا جبکہ چونیاں کے نواحی علاقے میاں والا گھاٹ کے قریب دو تیز رفتار موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 27 سالہ صدام اور15 سالہ آصف دم توڑ گئے اور 18 سالہ شفیق زخمی ہوگیا۔دوسری طرف ظفروال میں شکرگڑھ روڈ پر پنڈی بوہڑی سٹاپ کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے خوفناک تصادم میں نوجوان سجاول اور جواد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اویس، افضل، ذیشان اور عبدالغفارزخمی ہوگئے جنہیں تحصیل ہسپتال ظفروال منتقل کر دیا گیا۔