صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث موسم خوشگوار اور معتدل رہ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے آسمان پر کبھی بادل چھائے رہتے ہیں تو کبھی سورج پوری آب و تاب کے ساتھ نمودار ہوتا ہے، جس سے درجہ حرارت میں خوشگوار تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری اور کم سے کم 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ہے اور 5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جو موسم کو مزید معتدل بناتی ہیں۔محکمہ موسمیات نے آج شہر میں بارش کی پیشگوئی کی ہے اور امکان ظاہر کیا ہے کہ دن کے مختلف اوقات میں بارش ہو سکتی ہے۔ مزید یہ کہ بارش کا یہ سلسلہ 30 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر بارش کے مختلف اسپیلز ہو سکتے ہیں اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی ہے۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج شام اور رات کے اوقات میں بارش متوقع ہے، جبکہ شہر کے بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو دن میں بڑھ کر 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، ہوا کی رفتار 13 کلومیٹر فی گھنٹہ اور نمی کا تناسب 32 فیصد سے زائد ہے۔
خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔