وزیر اعلی مغربی بنگال ممتا بنرجی کا طیارہ حادثہ سے بال بال بچ گیا

طیارہ کولکتہ کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو موسم خراب، آسمان تاریک ہو گیا
 ژالہ باری اور تیز ہوائیں، ایک گھنٹے سے زیادہ فضائی چکر، بحفاظت اتر گیا
کولکتہ(آئی این پی )مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کا طیارہ جمعرات کو شدید بارش اور تیز ہواں کے باعث ایک گھنٹے سے زیادہ فضائی چکر لگانے کے بعد کولکتہ میں بحفاظت اتر گیا، خراب موسم کے دوران اس طویل تاخیر نے انتظامی اور سیاسی حلقوں میں تشویش پیدا کر دی، تاہم وزیر اعلی کی حفاظت یقینی بنائی گئی۔ بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق  روزانہ کے شیڈول کے مطابق، ممتا بنرجی نے دن میں مغربی بردھمان کے پانڈویشور میں ایک پروگرام اور جلسہ عام میں شرکت کی، جس کے بعد وہ کولکتہ کے لیے روانہ ہوئیں، طیارہ اندل ہوائی اڈے سے شام 3:39 بجے ٹیک آف ہوا اور معمول کے مطابق شام 4:25 بجے کولکتہ پہنچنے کا وقت مقرر تھا۔ لیکن جیسے ہی طیارہ کولکتہ کی فضائی حدود میں داخل ہوا، موسم اچانک خراب ہوگیا، آسمان تاریک ہو گیا اور شدید ژالہ باری اور تیز ہوائیں شروع ہو گئیں، ایئر ٹریفک کنٹرول(اے ٹی سی) نے خطرناک حالات کے باعث فوری لینڈنگ کی اجازت نہیں دی، جس کے نتیجے میں طیارہ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک ہوا میں چکر لگاتا رہا۔ عینی شاہدین کے مطابق طوفانی ہواں نے پولیس کی عارضی پناہ گاہیں اڑا دیں اور وی آئی پی سکیورٹی کے لیے رکھی گئی رکاوٹیں بھی ہل گئیں، وزیراعلی کے قافلے کی گاڑیاں بھی طوفان کے زور سے ہل گئیں اور پورا ایئرپورٹ کمپلیکس لمحوں میں سنسان ہوگیا۔