غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کیلئے اسلام آباد میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے، جو خاص طور پر چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنائے گا:محسن نقوی
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں چینی سفارتخانے کا دورہ کیا جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، سیکورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرام اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سیکورٹی چیلنجز کے حل کے لیے بزنس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا، جس میں پہلے مرحلے میں پاکستان میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوں گی اور دوسرے مرحلے میں سرمایہ کاری کے خواہشمند چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں کی جائیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ غیر ملکی شہریوں کے تحفظ کے لیے اسلام آباد میں 'سپیشل پروٹیکشن یونٹ' قائم کیا جا رہا ہے، جو خاص طور پر چینی شہریوں کی سیکیورٹی یقینی بنائے گا۔ اس یونٹ کے اہلکاروں کو تربیت کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی تاکہ بہتر تعلقات اور مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔