توانائی کی بچت کیلئے رات ساڑھے 7 سے ساڑھے 8 بجے تک سرکاری وغیر سرکاری دفاتر میں لائٹس بند ہوں گی
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر مریم اورنگزیب صوبہ بھر میں ارتھ آور مہم کی مانیٹرنگ کریں گی، سیکرٹری ماحولیات فوکل پرسن مقرر
اسلام آباد‘لاہور(بیورو رپورٹ‘سپیشل رپورٹر)ملک بھر میں آج ارتھ آور(یوم ارض) منایا جائے گا۔یہ دن منانے کا مقصد ملک بھر بلکہ دنیا بھرمیں توانائی کی بچت کیلئے شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع ملک بھر میں توانائی کی بچت کے لیے رات ساڑھے سات سے ساڑھے آٹھ بجے سرکاری وغیر سرکاری دفاتر میں لائٹس بند رکھی جائیں گی۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر کے ضلعی سربراہان کو ہدایات جاری کردی گھی ہیں تاکہ توانائی کے بچا اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے عوامی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ دوسری جاب مریم نواز شریف نے صوبہ پنجاب میں "ارتھ آور" منانے کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے اس مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔وزیراعلی کے مطابق 28 مارچ کو رات ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک صوبہ بھر میں روشنیاں بند رکھی جائیں گی تاکہ توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو محفوظ اور صاف ماحول فراہم کرنے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں، جبکہ ارتھ آور مہم کا مقصد توانائی کے مثر اور محتاط استعمال کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔اس مہم کے لیے سیکرٹری ماحولیات کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب پنجاب بھر میں ارتھ آور مہم کی نگرانی کریں گی۔