ویب ڈیسک: سیالکوٹ کے علاقے میں یونیورسٹی کی طالبات کی وین کو روکنے اور ہراساں کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ اس معاملے کا مقدمہ تھانہ صدر میں درج کیا گیا ہے، جس میں مرکزی ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دیگر 4 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، 3 موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ افراد نے یونیورسٹی کی وین کو روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران گاڑی میں توڑ پھوڑ کی گئی اور ڈرائیور پر تشدد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق، اس واقعے کے بعد مرکزی ملزم حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقدمے کے متن میں یہ بھی کہا گیا کہ ملزمان نے وین کو روک کر نہ صرف ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ طالبات کو ہراساں کیا اور انہیں پریشان کیا۔ گرفتار ملزم حمزہ نے پولیس کے سامنے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ جھگڑا صرف اس بات پر ہوا کہ ڈرائیور نے ان کے موٹر سائیکل سے کٹ کرانے کی کوشش کی تھی، اور انہوں نے کسی بھی طالبہ کو ہراساں نہیں کیا۔
پولیس نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور دیگر ملزمان کو پکڑنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔