ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولن تھرو کی تازہ ترین عالمی رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے مایہ ناز اتھلیٹ ارشد ندیم 1370 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
رینکنگ میں بھارت کے نیرج چوپڑا 1445 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹرز دوسرے اور جرمنی کے جولین ویبر تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔ارشد ندیم نے رواں سال صرف ایک عالمی مقابلہ – ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے 86.40 میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ ایونٹس میں محدود شرکت کی وجہ سے ان کی رینکنگ میں مزید بہتری نہیں آ سکی۔
ذرائع کے مطابق ارشد ندیم ورلڈ چیمپیئن شپ سے قبل ستمبر میں دو سے تین بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے ان کی عالمی رینکنگ میں ترقی متوقع ہے۔یاد رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں 92.97 میٹر کی تاریخی تھرو کر کے گولڈ میڈل جیتا اور پاکستان کے لیے اولمپکس میں جیولن تھرو کا پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا، جسے دنیا بھر میں سراہا گیا۔