بلاول بھٹو کا سندھ طاس معاہدے پر عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم

بلاول بھٹو کا سندھ طاس معاہدے پر عالمی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کو پاکستان کے مؤقف کی بڑی کامیابی قرار دیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ "سندھو پر حملہ نامنظور"—عالمی عدالت کے فیصلے نے بھی اس مؤقف کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق بھارت کا یکطرفہ اقدام بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ثالثی عدالت کے فیصلے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ کوئی بھی فریق سندھ طاس معاہدے کے تحت یکطرفہ فیصلہ نہیں کر سکتا۔یاد رہے کہ عالمی ثالثی عدالت (Permanent Court of Arbitration) نے حالیہ فیصلے میں پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے بھارت کے اس اعلان کو غیرقانونی قرار دیا ہے جس میں بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو جزوی طور پر معطل کرنے کی بات کی تھی۔

یہ فیصلہ پاکستان کی جانب سے بھارت کے مغربی دریاؤں، خصوصاً سندھ، جہلم اور چناب پر تعمیر کیے جانے والے پن بجلی منصوبوں کے خلاف دائر درخواست کے نتیجے میں سامنے آیا ہے۔ عدالت نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بھارت یکطرفہ طور پر معاہدے سے دستبردار یا اس کی شرائط معطل نہیں کر سکتا۔بلاول بھٹو زرداری کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اس فیصلے کو پاکستان کی آبی خودمختاری اور قانونی حق کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ فتح تصور کرتی ہے۔