خطے میں امن کیلئے بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے باز رہنا ہوگا:بلاول بھٹو

خطے میں امن کیلئے بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے باز رہنا ہوگا:بلاول بھٹو

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بنائی گئی اعلیٰ سفارتی کمیٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تب ہی ممکن ہے جب تمام متنازعہ مسائل کو سنجیدگی سے حل کیا جائے۔

دفتر خارجہ سے بریفنگ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور پانی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پانی کو سیاسی ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ پاکستان امن کا حامی ہے لیکن دشمن ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت دہشتگردی کا بہانہ بنا کر جارحانہ اقدامات کرتا رہا ہے، حالانکہ خود پاکستان کئی دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار رہا ہے اور اس جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں بھی اسی نے دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام بھی امن کے خواہاں ہیں مگر ان کی حکومت نفرت اور انتشار کی سیاست کر رہی ہے۔ پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر جھوٹے بیانیے کے ذریعے پاکستان کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، مگر عالمی برادری اب ایسے حربوں سے بخوبی واقف ہو چکی ہے۔پی پی چیئرمین کے مطابق دفتر خارجہ نے موجودہ علاقائی صورتحال پر سفارتی کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی ہے، اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق یہ کمیٹی عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں اجاگر کرے گی۔

بلاول بھٹو نے غزہ کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اسرائیلی مظالم کے باعث ہزاروں فلسطینی بچے بھوک اور بیماری کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ انسانی امداد کی فراہمی بحال ہو سکے۔خضدار میں اسکول بس پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے اسے ریاست کے خلاف بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انسانیت سوز جرم ہے اور ایسی کارروائیاں پاکستانی قوم کے حوصلے کو کمزور نہیں کر سکتیں۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس حملے میں ملوث دہشتگرد جلد کیفر کردار تک پہنچیں گے اور متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے زخمی بچوں کے بہترین علاج کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔