ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس پر عوام کے لیے اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کی کوششوں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کے خلاف جنگ میں سندھ حکومت صفِ اول میں ہے اور عوام کو صحت مند زندگی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ:
ہیپاٹائٹس سے متعلق آگاہی، ویکسینیشن اور بروقت ٹیسٹنگ ناگزیر ہے۔
ہیپاٹائٹس بی اور سی کے مکمل خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سندھ حکومت نے اب تک 75 لاکھ سے زائد افراد کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ مکمل کی ہے۔
دیہی و شہری علاقوں میں مفت ٹیسٹنگ اور علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
اسپتالوں میں خصوصی ہیپاٹائٹس کاؤنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں تاکہ مریضوں کو فوری سہولیات مل سکیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ:
“صحت کے شعبے پر ماضی کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ ہمارا مشن ہے کہ سندھ کے ہر فرد کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ عالمی اداروں کے تعاون سے صحت کے منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں اور 2030 تک دنیا سے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ تمام ادارے اور عوام مل کر کام کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن، اسکریننگ اور علاج کے لیے رجوع کریں اور حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔