پی ڈی ایم اے کا سردی کی شدید لہر کے پیش نظر الرٹ، احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت

پی ڈی ایم اے کا سردی کی شدید لہر کے پیش نظر الرٹ، احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سردی کی شدید لہر، دھند اور برف باری کے پیش نظر صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

 پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز کو شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سردی، دھند اور برف باری کے دوران لاپروائی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے عوام کو حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔ خاص طور پر ہیٹر کے استعمال میں احتیاط کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے، کیونکہ ان کے استعمال سے خطرناک گیسوں کے اخراج کا خدشہ ہوتا ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتے ہیں۔اس کے علاوہ، پی ڈی ایم اے نے سیاحت کے لیے جانے والے افراد کو بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 ان افراد کو برفانی علاقوں میں سفر کرتے وقت سردی کی شدت، راستوں کی حالت اور ضروری ساز و سامان کے بارے میں مکمل آگاہی فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق انتظامیہ کو یہ مراسلہ جاری کیا گیا ہے تاکہ سردی کی شدت سے بچنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرایا جا سکے اور شہریوں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچایا جا سکے۔