چارسدہ میں سوٹ کیس سے برآمد ہونے والی لڑکی کی لاش کے ہولناک قتل کا ڈراپ سین سامنے آ گیا۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کو غیرت کے نام پر اس کے شوہر اور سگے بھائی نے مل کر قتل کیا۔تفصیلات کے مطابق 24 جون کو تھانہ سٹی چارسدہ کی حدود میں ایک مشکوک سوٹ کیس کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی، جہاں سے ایک نوجوان لڑکی کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد ہوئی۔ سوٹ کیس کی موجودگی اور لاش کی حالت نے پولیس کو الرٹ کر دیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ سمیت اعلیٰ حکام موقع پر پہنچے۔
لاش کی شناخت اور تفتیش کے لیے پولیس نے سوشل میڈیا پر مدد طلب کی، جس پر ایک شخص تھانے میں پیش ہوا اور دعویٰ کیا کہ لاش اس کی بیوی کی ہے۔ تاہم بیانات میں تضاد پر اسے شامل تفتیش کیا گیا۔ دوران تفتیش اسماعیل نامی شخص نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنی بیوی کو اس کے بھائی کے ساتھ مل کر قتل کیا۔
ملزم کے مطابق مقتولہ کے ایک شخص قربان علی سے تعلقات تھے، جس پر دونوں نے غیرت کے نام پر قتل کیا۔ مزید انکشاف ہوا کہ مقتولہ کے بھائیوں نے 2024 میں قربان علی کو بھی قتل کر دیا تھا۔ واردات میں استعمال ہونے والی کلاشنکوف بھی برآمد کر لی گئی ہے۔