دریائے سوات کے کنارے دفعہ 144 نافذ، ہوٹلز اور سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی عائد

دریائے سوات کے کنارے دفعہ 144 نافذ، ہوٹلز اور سیاحتی سرگرمیوں پر پابندی عائد

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا حکومت نے مون سون سیزن کے دوران ممکنہ جانی و مالی نقصانات سے بچنے کے لیے دریائے سوات کے اطراف تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور تجارتی سرگرمیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں دریاؤں میں طغیانی اور سیاحوں کے حادثات کے بعد یہ فیصلہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ یہ بندش عارضی نوعیت کی ہے اور موسم بہتر ہونے پر دوبارہ تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں دریاؤں، ندی نالوں اور ریور بیڈز میں تفریحی سرگرمیوں پر پہلے ہی دفعہ 144 نافذ کی جا چکی ہے، جب کہ ضلعی و مقامی انتظامیہ کی جانب سے آگاہی مہم بھی جاری ہے۔

عوام کو ذرائع ابلاغ، سوشل میڈیا اور مساجد سے اعلانات کے ذریعے خبردار کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالیں اور دریاؤں کے کناروں سے دور رہیں۔انتظامیہ نے سیاحوں، ہوٹل مالکان، مقامی افراد اور تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرکے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔