جنوبی وزیرستان: تحصیل برمل میں دفعہ 144 نافذ، نقل و حرکت اور بازاروں پر پابندی

جنوبی وزیرستان: تحصیل برمل میں دفعہ 144 نافذ، نقل و حرکت اور بازاروں پر پابندی

جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے تحت شہریوں کی نقل و حرکت اور کاروباری سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

محکمۂ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک نافذ العمل ہوگی، جس کے دوران راغزئی بازار سمیت علاقے کی تمام مارکیٹس مکمل طور پر بند رہیں گی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انگور اڈا، زم چینہ، خامرنگ، رغزئی اور شولام تا وانا روٹ پر شہریوں کے سفر کرنے پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ پابندی کا اطلاق فورسز کے سامان کی ترسیل اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔محکمۂ داخلہ نے وضاحت کی ہے کہ صرف ہنگامی صورتحال میں ہی سیکیورٹی فورسز کی اجازت سے سفر کیا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیکھتے ہی اپنی گاڑی کو کم از کم 100 میٹر فاصلے پر روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔