آگرہ کی ضلعی پنچایت نے فتح آباد اور بادشاہی باغ کے نا م بدلنے کی قرارداد منظورکرلی
نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی ریاست اتر پردیش میں مغلیہ دور سے منسوب تاریخی مقامات کے نام تبدیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں آگرہ کی ضلعی پنچایت نے فتح آباد اور بادشاہی باغ کے نام بدلنے کی قرارداد منظور کر لی ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ضلعی پنچایت بورڈ نے ایک اجلاس میں فتح آباد شہر اور اس کی اسمبلی نشست کا نام تبدیل کرکے سندور پورم رکھنے کی قرارداد منظور کی ہے، جب کہ بادشاہی باغ کا نیا نام شری برہم باغ رکھنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔یہ فیصلہ بھارتی افواج کے ایک حالیہ فوجی آپریشن سندور کی یاد میں کیا گیا۔حال ہی میں آگرہ کے وکاس بھون میں ہونے والے اجلاس کے دوران یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ ناموں کی تبدیلی کی تجویز اب منظوری کے لیے ریاستی حکومت کو بھیجی جائے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ جس بادشاہی باغ کا نام تبدیل کرنے کی بات کی جا رہی ہے، وہ مغل بادشاہ اورنگزیب سے منسوب ایک تاریخی باغ ہے، جو فتح آباد کے قریب واقع ہے۔