کراچی(آئی این پی ) مصطفی قتل کیس کے ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی پر 2مقدمات میں فرد جرم عائد کردی گئی۔ سٹی کورٹ میں مصطفی قتل کیس کے ملزم ارمغان کے والد کیخلاف امتناع منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کے کیسز کی سماعت ہوئی۔جیل حکام کی جانب سے عدالت میں ویڈیو لنک پرکامران قریشی کو پیش کیا گیا، عدالت نے کامران قریشی پر 2مقدمات میں فرد جرم عائد کردی ۔عدالت نے ملزم کامران قریشی کو منشیات اور اسلحہ کیس میں فرد جرم پڑھ کر سنائی اور استفسار کیا آپ پر منشیات اور اسلحہ ایکٹ کا الزام ہے کیا آپ کو جرم قبول ہے۔عدالت کے استفسار پر ملزم کامران قریشی نے صحت جرم سے انکار کردیا اور بیان میں کہا میرے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے ہیں۔عدالت نے تفتیشی افسر اور گواہوں کو نوٹس جاری کر دیئے اور آئندہ سماعت پر گواہوں کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔