اڈیالہ جیل کسی اور کے اختیار میں ہے: لطیف کھوسہ

پی ٹی آئی عمران خان کا نام ، انہیں مائنس کرنا ممکن نہیں، اب صرف جیل توڑنے کی کسر باقی رہ گئی ہے 
 اسلام آباد (آئی این پی ) پی ٹی آئی رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کسی اور کے اختیار میں ہے، یہ لوگ فل بینچ کا فیصلہ بھی نہیں مانتے اس لیے بانی پی ٹی آئی سے ملنے بھی نہیں دیتے۔ تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کی کوششیں ناکام ہوں گی، خان اب صرف ایک سیاسی رہنما نہیں عوام کے دلوں میں بستا ہے۔لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ نہ تو ذوالفقار علی بھٹو، نہ بے نظیر بھٹو اور نہ ہی نواز شریف کو کبھی مائنس کیا جا سکا، اسی طرح عمران خان کو بھی مائنس کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اجازت کے بغیر کوئی فیصلہ یا پیش رفت ممکن نہیں، سپلیمنٹری بجٹ بھی انہی کی منظوری سے آئے گا۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے پاس اتنا اختیار نہیں جتنا ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ہم نے قانون پر مکمل عمل کیا، اب صرف جیل توڑنے کی کسر باقی رہ گئی ہے۔