پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی میں بہتری،101ویں نمبر پر آگیا

اسلام آباد(آئی این پی )ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 کے مطابق پاکستان کا پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں دو درجے بہتری کے بعد 103 سے 101 نمبر پر آ گیا   ۔ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد اب 29 ممالک یا خطوں میں بغیر پیشگی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔یہ درجہ بندی عالمی شہریت اور رہائش سے متعلق مشاورتی ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جاری کی گئی ہے، جس میں دنیا کے 199 پاسپورٹس اور 227 سفری مقامات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں پاسپورٹ کی طاقت کا اندازہ اس بنیاد پر لگایا جاتا ہے کہ اس کے حامل افراد کتنے ممالک یا علاقوں میں بغیر پیشگی ویزا کے داخل ہو سکتے ہیں۔ ادارے کے مطابق بعض صورتوں میں سفری پابندیاں ویزا پالیسی پر اثرانداز ہو سکتی ہیں، اس لئے عملی صورتحال مختلف بھی ہو سکتی ہے۔اگرچہ پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، تاہم یہ اب بھی دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شامل ہے۔ تازہ فہرست میں پاکستان صرف عراق، شام اور افغانستان سے بہتر پوزیشن پر ہے، جبکہ افغانستان 22 مقامات تک ویزا فری رسائی کے ساتھ فہرست کے آخری نمبر پر موجود ہے۔علاقائی ممالک سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان اب بھی پیچھے ہے۔ بھارت 81ویں نمبر پر ہے اور اس کے شہری 55 مقامات پر بغیر پیشگی ویزا کے سفر کر سکتے ہیں۔