وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کمیٹی کا اجلاس، پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری

وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کمیٹی کا اجلاس، پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دے دی گئی۔

 وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں ملک کی آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور پالیسی پر عمل درآمد کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پاکستان کے توانائی تحفظ (انرجی سیکیورٹی) کے نظام کا ایک بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے ان کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ یورو-4 اور یورو-5 معیار کے ایندھن کی پیداوار پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، فضائی آلودگی میں کمی اور عوام کو بہتر معیار کا ایندھن فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی کارکردگی بہتر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مؤثر اصلاحات متعارف کرائی جائیں تاکہ توانائی کے شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد اس پر مؤثر اور بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو مزید تیز کیا جائے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے فروغ کے لیے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق پالیسی میں ترامیم پر وزیر پیٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر (اسٹریٹیجک ریزروز) بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ براؤن فیلڈ ریفائنریز کے حوالے سے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں کی گئی ترامیم کا مقصد یورو-V معیار کے مطابق ماحول دوست پیٹرول اور ڈیزل کی پیداوار کو یقینی بنانا، فرنس آئل کے استعمال میں کمی لانا اور کم معیار کی پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار محدود کرنا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔