سربیا کے ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ نے چین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرتے ہوئے اپنے شاندار کیریئر کی 102ویں سنگلز ٹرافی حاصل کرلی۔
بیجنگ میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلوی کھلاڑی ایلکس ڈی میناؤر انجری کے باعث مقابلہ مکمل نہ کرسکے۔ جوکووچ نے پہلا سیٹ ٹائی بریک پر 6-7 (3-7) سے اپنے نام کیا، جبکہ دوسرے سیٹ کے آغاز میں ڈی میناؤر نے ایک گیم جیتی۔اس کے بعد بائیں ران کی تکلیف کے باعث آسٹریلوی کھلاڑی نے میچ سے دستبرداری اختیار کرلی۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے سیٹ کے اختتام پر میڈیکل ٹائم آؤٹ بھی لیا تھا۔اس کامیابی کے ساتھ 39 سالہ نوواک جوکووچ نے مسلسل 21ویں سال کم از کم ایک سنگلز ٹائٹل جیتنے کا اعزاز برقرار رکھا۔ ان سے زیادہ سنگلز ٹائٹلز صرف جمی کونرز نے 109 اور راجر فیڈرر نے 103 جیتے ہیں۔
چین اوپن میں یہ جوکووچ کی 34ویں مسلسل فتح اور ساتویں ٹرافی ہے۔کامیابی کے بعد جوکووچ نے کہا کہ رواں سال جسمانی مسائل کے باعث ان کے لیے کافی مشکل رہا، تاہم بیجنگ میں فتح نے ثابت کیا کہ وہ اب بھی عالمی سطح کے بہترین کھلاڑیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔چین اوپن جیتنے کے بعد نوواک جوکووچ دوبارہ عالمی ٹاپ 10 میں شامل ہوجائیں گے۔