غزہ: اسرائیل نے 60 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا، جنہیں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس (آئی سی آر سی) کی نگرانی میں جنوبی غزہ کے شہر خان یونس منتقل کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رہا کیے گئے فلسطینی قیدی آئی سی آر سی کے ذریعے خان یونس پہنچے، جہاں ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب استقبال کے لیے ناصر اسپتال میں جمع تھے۔آئی سی آر سی نے اپنے بیان میں کہا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک وہ 2,500 سے زائد رہا کیے گئے فلسطینیوں کی منتقلی میں سہولت فراہم کر چکی ہے۔ تاہم تنظیم نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی حراست میں موجود فلسطینی قیدیوں تک رسائی نہیں دی گئی، نہ ہی ان کے ٹھکانے یا حراستی حالات سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی قیدیوں کی نمائندہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس وقت 9,600 سے زائد فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں، جبکہ اکتوبر 2023 سے قبل یہ تعداد تقریباً 5,250 تھی۔رپورٹس کے مطابق فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور حراستی حالات کا معاملہ اسرائیل اور فلسطینی فریقوں کے درمیان جاری مذاکرات اور انسانی بنیادوں پر ہونے والی کوششوں کا اہم حصہ بنا ہوا ہے، جبکہ بین الاقوامی ادارے قیدیوں کے حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون پر عمل درآمد کا مطالبہ کر رہے ہیں۔