سیلاب سے ریلوے پل متاثر، لاہور فیصل آباد ٹرین آپریشن عارضی معطل

متعدد ٹرینیں منسوخ، شالیمار، قراقرم اور میانوالی ایکسپریس کے روٹس تبدیل کر دیئے گئے
فیروز والا میں بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک گھر کے 3 بچے جاں بحق‘24گھنٹے میں بارش کا امکان
لاہور(آن لائن‘آئی این پی) قلعہ شیخوپورہ اور مسن کلر کے درمیان واقع ریلوے پل سیلابی صورتحال کے باعث شدید متاثر ہونے کے بعد لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق متاثرہ روٹ پر چلنے والی متعدد ٹرینوں کو منسوخ جبکہ بعض ٹرینوں کے روٹس تبدیل کر دیے گئے ہیں تاکہ مسافروں کو متبادل سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ذرائع کے مطابق بدر ایکسپریس  اور  غوری ایکسپریس  کو منسوخ کر دیا گیا ہے، جبکہ  شالیمار ایکسپریس  اور قراقرم ایکسپریس کو براستہ رائے ونڈ، ساہیوال چلایا جائے گا۔ اسی طرح لاہور اور میانوالی کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس  کو بھی براستہ لالہ موسیٰ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ‘ فیروز والا میں بارش کے پانی میں ڈوب کر ایک ہی گھر کے 3 بچے جاں بحق ہوگئے، ۔فیروز والا کے علاقے پٹھان کالونی میں نالہ بھیڑ کا حفاظتی بند ٹوٹنے سے بارش اور نالے کا پانی رہائشی علاقے میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں 5 سے 10 فٹ تک پانی جمع ہوگیا اور پوری آبادی تالاب کا منظر پیش کرنے لگی۔اسی دوران ایک ہی گھر کے 3 بچے جمع شدہ پانی میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے اور ڈوب گئے۔محکمہ موسمیات نے سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آئندہ24گھنٹوں میں تیز ہوائو ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔