لوڈشیڈنگ اور غیر منصفانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف ملک بھر میں پرامن مظاہرے کریں گے
نوجوان موٹر سائیکلوں پر نکلیں ‘ سڑکوں پر لاکر انہیں بند کردیں، اضلاع کو ملانے والی سڑکیں بند کی جائیں گی
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پٹرولیم لیوی کے خلاف 7 اگست کے ملک گیر احتجاج اور سڑکیں بند کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے جماعت اسلامی کے ذمہ داران کو عوامی رابطہ مہم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا سات اگست کا احتجاج تاریخی ہوگا اور حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ عوام کو ریلیف دیں۔ امیرجماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کیا کہ جماعت اسلامی کی جمہوری جدوجہد میں کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی نہ کی جائیں۔ انہوں نے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ احتجاجی پروگرام سے قبل عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے اور تمام طبقات تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچایا جائے۔ احتجاجی تحریک کے سلسلے میں ملک بھر میں 20 ہزار کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا جاسکے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 7 اگست کو اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے، نوجوان اپنی موٹر سائیکلوں پر نکلیں اور سڑکوں پر لاکر انہیں بند کردیں ، احتجاج کے دوران صرف ایمبولینسز کو راستہ فراہم کیا جائے گا۔حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں