ان بنیادی عوامل کا سدباب کرنا ہوگا جو معاشرے میں اس کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں
اسلام آباد(آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے پاکستان دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس سی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ اگرچہ ہمیں ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے، لیکن اس کے تدارک کا ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔اس وبا کو روکنے کے لیے ہمیں ان بنیادی عوامل کا سدباب کرنا ہوگا جو معاشرے میں اس کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔ عالمی یومِ ہیپاٹائٹس (28 جولائی 2026) پر پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم وائرل ہیپاٹائٹس کا خاتمہ کرنے اور ہر پاکستانی کی صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ یہ دن یاد دلاتا ہے کہ اگرچہ ہیپاٹائٹس ہمارے ملک کو درپیش سنگین عوامی صحت کے مسائل میں سے ایک ہے، تاہم بروقت تشخیص، بروقت علاج، اجتماعی عزم اور مسلسل عملی اقدامات کے ذریعے اس بیماری کی روک تھام اور علاج ممکن ہے۔