تیل بحران سے متاثرہ ممالک میں پاکستان سرفہرست‘ مصر، اردن اور ایتھوپیا بھی شامل برطانوی جریدہ

مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران 240 ملین سے زائد آبادی کی معیشت خطرے میں ہے: دی اکانومسٹ کی رپورٹ
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی جریدے ’دی اکانومسٹ‘ نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ سے پیدا ہونے والے تیل کے عالمی بحران کے ’انتہائی  تکلیف دہ نتائج‘ کا سامنا کرنے والے ممالک کی فہرست جاری کی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان تیل کے عالمی بحران سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں سرِفہرست ہے، اسی لیے حکومت نے ملک میں وسیع پیمانے پر کفایت شعاری اور ایندھن کے تحفظ کا منصوبہ تیار کیا ہے۔وفاقی حکومت نے اس منصوبے کے تحت 6 مارچ کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55 روپے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے  مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران 240 ملین سے زائد آبادی کی معیشت خطرے میں ہے کیونکہ اس کا انحصار خلیجی ممالک سے حاصل ہونے والے تیل پر ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان تیل کے علاوہ خلیجی ممالک سے حاصل ہونے والی ترسیلاتِ زر پر بھی انحصار کرتا ہے‘دی اکانومسٹ نے فہرست میں مصر، اردن اور ایتھوپیا کو بھی شامل کیا ہے، کیونکہ ان ممالک کا بھی خلیج سے حاصل ہونے والے تیل اور گیس پر بہت زیادہ انحصار ہے۔اردن کی معاشی حالت پاکستان جیسی ہی ہے، ملک پر بہت زیادہ قرضہ ہے اور  تیل، گیس و ترسیلاتِ زر کے لیے اس کا خلیجی ممالک پر انحصار ہے۔