پاکستان گمراہ کن بیانیے سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان کو مس انفارمیشن اور گمراہ کن بیانیے سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل کرلیا۔عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے جاری 2024 گلوبل رسک رپورٹ کے مطابق پاکستان مس انفارمیشن اور گمراہ کن بیانیہ سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے، پاکستان میں جھوٹی معلومات اور گمراہ کن غلط بیانی کے خطرات آئندہ دو سال میں سب سے زیادہ اہم چیلنجز میں شامل ہوسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کے مسئلے سے شدید متاثر ہو رہا ہے اور جھوٹی معلومات کا یہ خطرہ ملک کو درپیش مجموعی چیلنجز میں چوتھے سے چھٹے نمبر پر ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مس انفارمیشن کے ذریعے فرقہ واریت، مذہبی تنازعات، اور سماجی تقسیم کو ہوا دی جا رہی ہے، جس سے معاشرتی ہم آہنگی متاثر ہو رہی ہے۔