ملک کی کل آبادی کا 4اعشاریہ 05فیصد ہیپا ٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا ہے،رپورٹ
راولپنڈی(آئی این پی ) پاکستان میں ہر 25واں شہری ہیپاٹائٹس سی کا شکارہے۔کل آبادی کا چار اعشاریہ05فیصداس مرض میں مبتلا ہے جن میں3اعشاریہ33فیصد نوجوان،چار اعشاریہ 42فیصد بالغ شہری، ایک اعشاریہ48فیصدبچے ہیں، منشیات کے عادی افراد میں یہ شرح 43اعشاریہ42فیصد ہے۔لوکلائز ہیپاٹائٹس ایلیمینیشن اینڈ پریونشن پروگرام کی رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کی سات یونین کونسلوں میں انسداد ہیپاٹائٹس مہم میں 10ہزار 347گھروں میں47ہزار 728افراد کی سکریننگ کی گئی، 2048سے زائد مرد و خواتین میں ہیپاٹائٹس سی اور بی کی تصدیق ہوئی جبکہ 22افراد کے بیک وقت ہیپاٹائٹس بی اور سی کاشکار ہونے کی تصدیق ہوئی۔پروگرام کے سی ای او ڈاکٹر انصر اسحاق کے مطابق ہیپاٹائٹس کا شکار حاملہ خواتین کی تعداد 8رہی، ہیپاٹائٹس کے شکار تمام مریضوں کے پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے۔رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں 2048سے زائد افرادشکار ہیں، مختلف امراض کے شکار افراد میں یہ شرح 46اعشاریہ 92فیصد ہے۔