شکاریوں کو 6لاکھ جرمانہ ، دیگرکیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع
لاہور(کرائم رپورٹر)وائلڈلائف رینجرزنے اوکاڑہ،جھنگ،خانیوال،ملتان،سرگودھا ، ڈی جی خان،راجن پور اور اٹک سے18 شکاری گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے80 بٹیراور16 نیٹنگ گئیرز ضبط کر کے تمام پرندوں کو قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا ،شکاریوں کو 6لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دیگرکیخلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی۔ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سرگودھا ریجن نعیم طاہر کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر ز سرگودھا نے فالکن کے 3شکاری گرفتار کرکے انکے قبضہ سے جال ،کبوتراوردوگزہ تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی۔ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈی جی خان ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز تونسہ نے بروقت کارروائی کرکے 80 بٹیر برآمد کر کے قدرتی ماحول میں آزاد کر دئیے،مظفرگڑھ،ڈی جی خان اور راجن پور سے فالکن اور بٹیر کے 7نیٹنگ گئیر ز ضبط کرکے 9شکاریوں کا چالان کیا اور 3کیسوں میں 1لاکھ،95ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اٹک شاہزیب خورشید نے تیتر کے 4غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے انہیں 2لاکھ،50ہزار جرمانہ کیا،اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر جھنگ عبدآ بلال نے بٹیر کے 3نیٹنگ گئیر ز ضبط کرکے شکاری کو 30ہزار جرمانہ کیا جبکہ فالکن کے شکاریوں کی متعدد کمین گاہیں مسمار کیں۔