تھانوں میں کیمرے فعال رکھنے کا حکم

 کرائم کنٹرول کیلئے تمام وسائل بروئے لائے جائیں ،کرپشن پر زیرو ٹالرنس، جھوٹے مقدمات قبول نہیں: فیصل کامران 
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی زیر صدارت سول لائنز ڈویڑن سے متعلق انسدادِ جرائم میٹنگ منعقد ہوئی۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سیکیورٹی، ایس پی ڈولفن اسکواڈ، ایس پی سول لائنز، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیات نے شرکت کی۔اوورآل اچھی کارکردگی پر ایس ایچ او لٹن روڈ کو شاباش دی گئی، جب کہ بھاری مقدار میں چرس پکڑنے پر انچارج چوکی کرول گھاٹی کو سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے لاہور پولیس مکمل تیار ہے۔ انہوں نے سینئر افسران کو جاری ہدایات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ڈکیت گینگز کے مسنگ ممبران کو گرفت میں لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی۔ ایس ڈی پی اوز کو ہدایت دی گئی کہ وہ زیر حراست اشتہاری و عادی مجرمان کو خود انٹیروگیٹ کریں۔ آپریشنز ونگ دیگر یونٹس کے ساتھ مربوط کوآرڈینیشن قائم کرے۔لاہور پولیس کے تمام یونٹس مل کر جرائم کا سدباب کریں، اصل ملزمان کو جیلوں میں ڈالیں، جھوٹے مقدمات کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ کرایہ داروں کا اندراج یقینی بنانے کے لیے مساجد میں اعلانات کروانے، ملازمین کی رجسٹریشن کے لیے پولیس خدمت وین بڑی مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں بھیجنے کی ہدایت دی گئی۔ہوٹلوں میں رہائش اختیار کرنے والے افراد کا ہوٹل آئی ایپ میں اندراج یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی۔ ٹیبلٹس، وائرلیس سیٹ، تھانوں میں نصب کیمرے مکمل طور پر فنکشنل حالت میں رکھے جائیں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ تھانوں و دفاتر میں آنے والے شہریوں کو عزت دی جائے، ان کے مسائل توجہ سے سنے جائیں۔ فرض شناس، دیانتدار، ایماندار پولیس اہلکار میرے بازو ہیں، کرپشن، بدعنوانی اور شہریوں سے ناروا سلوک پر زیرو ٹالرنس ہو گا۔ محکمہ پولیس کی بدنامی کا سبب بننے والوں سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی