لاہور کو پاکستان کا پہلا سمارٹ سٹی بنانے کے لیے ہواوے کے ساتھ تعاون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہواوے کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے اور اس پراجیکٹ کے لیے مختلف تجاویز اور منصوبوں پر بات کی ہے۔
مریم نواز کا شنگھائی میں ہواوے کا دورہ
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے شنگھائی کے ڈسٹرکٹ لونگ گانگ میں ہواوے ٹیکنالوجیز کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے ہواوے کے مختلف شعبے دیکھے اور ہواوے گورنمنٹ افیئرز کے صدر وانگ چینگ ڈونگ سے ملاقات کی، جنہوں نے مریم نواز کو تفصیلی بریفنگ دی۔
لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی بنانے کے لیے تجاویز
ملاقات کے دوران، لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان میں ای کامرس، ایکو سسٹم پروڈکشن، ہیلتھ، اور ایجوکیشن کے شعبوں کی ڈیجیٹائزیشن کے امور شامل تھے۔
پنجاب میں ہواوے کے منصوبے
مریم نواز نے ہواوے کو نوازشریف آئی ٹی سٹی میں آفس قائم کرنے کی پیشکش کی اور پنجاب میں اسمبلنگ اور مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے پنجاب بھر میں ہواوے کے ریٹیل آفس اور آفٹر سیل سروس سینٹرز قائم کرنے کی بھی پیشکش کی۔
ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا فروغ
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہواوے کے تعاون سے پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کی جدیدیت سے متعارف کرایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہواوے پنجاب کے ایکو سسٹم ڈویلپمنٹ میں معاونت فراہم کرے گا اور لاہور میں پہلا سیف سٹی پراجیکٹ ہواوے کے اشتراک سے قائم کیا گیا تھا۔
ہواوے کے منصوبوں میں دلچسپی
مریم نواز نے ہواوے کے ہیلتھ اور ایجوکیشن پراجیکٹس میں دلچسپی ظاہر کی اور اس بات کا عہد کیا کہ ہواوے کو پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں میں بھرپور مدد فراہم کی جائے گی۔ اس موقع پر مریم نواز نے ہواوے حکام کے ساتھ فیکٹری کا دورہ بھی کیا۔