سارہ خان کا فیمنزم پر نیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل

سارہ خان کا فیمنزم پر نیا بیان سوشل میڈیا پر وائرل

ویب ڈیسک: پاکستانی اداکارہ سارہ خان نے ایک بار پھر فیمنزم کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد ان کے بیان پر سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی اور انہیں تنقید کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کچھ روز قبل سارہ خان کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ فیمنسٹ نہیں ہیں، مردوں کے کام مردوں پر ہی چھوڑ دینا بہتر ہے، اور وہ گھر پر رہ کر سکون پسند کرتی ہیں بجائے اس کے کہ بل جمع کرانے کے لیے قطاروں میں لگیں۔ اس بیان پر انہیں شدید ٹرول کیا گیا تھا۔اب سارہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک طویل نوٹ میں وضاحت دیتے ہوئے کہا:"اگر میں یہ کہتی ہوں کہ میں فیمنسٹ نہیں ہوں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں خواتین کے برابری کے حقوق کے خلاف ہوں۔ میں خواتین کے برابری کے حقوق، احترام اور برابر مواقع دینے پر یقین رکھتی ہوں لیکن میں آج کل کے فیمنزم کی حمایت نہیں کرتی۔"انہوں نے مزید کہا کہ عورتوں کی اصل طاقت مردوں کے برابر ہونے یا ان سے مقابلہ کرنے میں نہیں بلکہ عزت، محبت اور اہمیت کی حقدار بننے میں ہے۔

سارہ خان نے حضرت خدیجہؓ کو خواتین کے لیے بہترین مثال قرار دیا اور کہا کہ وہ ایک کامیاب تاجرہ ہونے کے ساتھ نسوانیت و وقار کی اعلیٰ مثال تھیں۔ انہوں نے یہ سوال اٹھایا کہ:"کسی دفتر جا کر دوسروں کے خواب پورے کرنا فخر کی بات کیوں ہے لیکن اپنے شوہر اور بچوں کے لیے ناشتہ بنانا یا بیوی اور ماں کے فرائض نبھانا کمتر کیوں سمجھا جانے لگا ہے؟"سارہ کے مطابق ایک عورت گھر کے کام اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دونوں بخوبی نبھا سکتی ہے لیکن نسوانیت کو ترک کر دینا اپنی اصل پہچان سے دوری کے مترادف ہے اور اس سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔