ویب ڈیسک: اسرائیل کے وزیر دفاع اسرائیل کاتز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق، اتوار کے روز رامون ایئر فورس بیس کے دورے کے دوران اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل کو دوبارہ دھمکیاں دیں تو اسرائیلی فضائیہ ایک بار پھر تہران تک پہنچے گی، اور اس بار حملہ براہِ راست خامنہ ای تک پہنچے گا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، کاتز نے ایک اسرائیلی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا:"میں یہاں سے خامنہ ای کو ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر آپ اسرائیل کو دھمکیاں دیتے رہے تو ہمارے طیارے تہران تک دوبارہ پہنچیں گے اور اس بار یہ حملہ شخصی طور پر آپ تک بھی پہنچے گا۔"یہ دھمکی ایران اور اسرائیل کے درمیان 12 روز تک جاری رہنے والی حالیہ جنگ کے پس منظر میں سامنے آئی ہے، جو 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے ایران کی فوجی اور جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ایران نے جوابی کارروائی میں اسرائیل پر میزائل اور ڈرون حملے کیے جبکہ امریکہ نے بھی اس دوران ایران کی تین جوہری تنصیبات پر بمباری کی۔ یہ تنازعہ بالآخر امریکی ثالثی کے تحت 24 جون کو ہونے والے جنگ بندی معاہدے کے ذریعے ختم ہوا۔