لاہور میں بسنت 2026 کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے خصوصی انتظامات کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاور کنٹرول سینٹر کے ایکسیئن میر مصطفےٰ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ داتا دربار ڈویژن میں ایک سپیشل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ اس کنٹرول روم میں ایکسیئن داتا دربار ڈویژن سراج الدین اریجو موجود رہیں گے، جبکہ میکلوڈ روڈ ایکسیئن محمد ناصر اور ایس ڈی او شیرانوالا گیٹ سب ڈویژن علی زوہیب بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔6 تا 8 فروری 2026 کے دوران لائن سٹاف، پی اینڈ آئی اور مینٹیننس اسٹاف 24 گھنٹے ڈیوٹی انجام دیں گے تاکہ بسنت کے دوران بجلی کی سپلائی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ حفاظتی اقدامات کے تحت گرڈ سٹیشنز پر حفاظتی جال بھی نصب کیے گئے ہیں۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بسنت کے دوران دھاتی ڈور کے استعمال سے گریز کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ لیسکو عوام کی حفاظت اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو اپنی اولین ترجیح دے رہا ہے۔