بجلی بلوں سے افسر وں کے موبائل نمبرز ختم کرنے کا حکم

صارفین کو شکایات کے اندراج کیلئے اب لیسکو ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کرنا ہوگا
بجلی بلوں پر ایکسین اور ایس ڈی اوز کے نمبرز شائع کرنے پر پابندی عائد،نوٹیفکیشن
لاہور( خصوصی رپورٹ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے افسران کے سرکاری موبائل نمبرز بجلی کے بلوں پر شائع کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق بجلی کے بلوں پر متعلقہ افسران کے موبائل نمبرز شائع کرنے کا سلسلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل لیسکو کی جانب سے ایکسیئن اور ایس ڈی اوز کے سرکاری موبائل نمبرز بجلی کے بلوں پر درج کیے جاتے تھے، جس سے صارفین کو متعلقہ افسران سے براہِ راست رابطے میں آسانی رہتی تھی۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اب صارفین بجلی سے متعلقہ شکایات کے اندراج کیلئے 118 ہیلپ لائن پر رابطہ کریں گے۔ شکایات کے ازالے کی صورت میں بجلی کے بل پر کسی افسر کا رابطہ نمبر موجود نہیں ہوگا، جبکہ صارفین کو شکایات کے اندراج کیلئے لیسکو دفاتر سے بھی رجوع کرنا پڑ سکتا ہے۔حکام کے مطابق نئے نظام کا مقصد شکایات کے اندراج اور ازالے کو مرکزی، منظم اور شفاف بنانا ہے تاکہ صارفین کو یکساں سہولت فراہم کی جا سکے۔