نگہبان کارڈز اور دسترخوان بنانے کی تیاری

 رمضان المبارک کیلئے 47 ارب روپے کا امدادی پیکیج ،1کروڑ افراد کو ریلیف فراہم کیا جائیگا, ،حکام
لاہور( خصوصی رپورٹ) رمضان المبارک کے موقع پر حکومتِ پنجاب نے عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کیلئے بڑے مالی امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری سے شروع کیے گئے رمضان نگہبان پیکیج کے تحت صوبے بھر کے لاکھوں مستحق خاندانوں کو براہِ راست مالی امداد دی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق 47 ارب روپے مالیت کے اس پیکیج سے پنجاب بھر میں تقریباً 42 لاکھ مستحق خاندان مستفید ہوں گے، جس کے ذریعے مجموعی طور پر ایک کروڑ افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے، جبکہ راشن کارڈ ہولڈرز کیلئے ماہانہ امداد 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔حکومت کی جانب سے 20 لاکھ سے زائد نگہبان کارڈز جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے مستحق افراد بینک آف پنجاب کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس یا ون لنک نیٹ ورک سے منسلک کسی بھی اے ٹی ایم سے رقم وصول کر سکیں گے۔ کارڈز کی فعال سازی کیلئے صوبے بھر میں 136 مراکز قائم کیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر نگہبان کارڈز مستحقین تک پہنچائے تاکہ شہریوں کو قطاروں میں کھڑا نہ ہونا پڑے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہر تحصیل میں 8 نگہبان دسترخوان قائم کیے جائیں گے، جہاں روزانہ ہزاروں افراد کو افطاری فراہم کی جائے گی۔حکام کے مطابق شفافیت اور نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی رمضان نگہبان ڈیش بورڈ بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے امداد کی تقسیم اور وصولی کے تمام مراحل کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت رمضان المبارک میں کسی بھی مستحق خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔