لاہور( خصوصی رپورٹ) بسنت کے دوران بجلی کی تنصیبات کو محفوظ بنانے کے لیے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے گرڈ سٹیشنوں پر سیفٹی نیٹ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق 27 جنوری بروز منگل کو صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک موچی گیٹ گرڈ سٹیشن سے منسلک فیڈرز گوالمنڈی، اکبری گیٹ، الحدید بازار، نشتر روڈ، والڈ سٹی، نواز شریف ہسپتال، لنڈا بازار، دہلی گیٹ، برانڈرتھ روڈ، میو ہسپتال، سرکلر روڈ اور فوارہ چوک میں بجلی کی فراہمی معطل رہے گی۔اسی طرح شام 4 بجے سے رات 8 بجے تک بھاٹی گیٹ گرڈ سٹیشن سے منسلک فیڈرز کچہری روڈ، ابراہیم روڈ، علی ہجویری، امیر روڈ، قصور پورہ، پیر مکی، واسا، مائیکرو حبیب، راوی کالونی، احمد علی روڈ، راشد روڈ، گنج بخش، اردو بازار، فصیل روڈ، داتا دربار کمپلیکس اور لیڈی ولنگٹن ہسپتال میں بجلی کی سپلائی معطل رہے گی۔لیسکو کے سی ای او انجینئر رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر بسنت کے موقع پر بجلی کے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر دی گئی ہے۔ پتنگ بازی کے دوران حادثات سے بچا ئو کے لیے گرڈ سٹیشنز کے یارڈ میں حفاظتی جال نصب کیے جا رہے ہیں۔انجینئر رمضان بٹ نے مزید کہا کہ بسنت کی خوشیاں محفوظ ماحول میں منانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، اور ڈائریکٹر آپریشنز عمران محمود اور چیف انجینئر ٹی اینڈ جی آفتاب بٹ کی نگرانی میں حفاظتی کام تیزی سے جاری ہے۔لیسکو نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔