پنجاب پولیس کا ججوں کی سکیورٹی کیلئے 23 کروڑ 86 لاکھ کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

ملک کے عدالتی سسٹم کو سکیورٹی تھریٹ ہیں،  تھریٹ سے متعلق مراسلہ سمری کے ساتھ لف کر دیا گیا ہے:وزیراعلی کو سمری بھیج دی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر )پنجاب پولیس نے انسداد دہشتگردی عدالتوں(اے ٹی سی)  کے ججز کی سکیورٹی کیلئے  11 نئی بڑی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے وزیراعلی کو گاڑیاں خریدنے کے لئے  23کڑور 86 لاکھ 45 ہزار روپے کی سمری بھجوا دی ہے۔وزیر اعلی کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ ملک کے عدالتی سسٹم کو سکیورٹی تھریٹ ہیں، سکیورٹی تھریٹ سے متعلق مراسلہ سمری کے ساتھ لف کر دیا گیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی سی ججز کی سکیورٹی کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کے لئے  14 کروڑ 18 لاکھ 45 ہزار روپے درکار ہیں، ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 28 لاکھ 95 ہزار روپے ہے۔وزیر اعلی مریم نواز کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے لیے بھی 9 کروڑ 68 لاکھ کی رقم درکار ہے، ایک گاڑی کو بلٹ پروف بنانے کے لیے 88 لاکھ روپے کی رقم درکار ہوتی ہے۔مراسلے میں وزیر اعلی پنجاب سے درخواست کی گئی ہے کہ نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے   سپلیمنٹری گرانٹ فراہم کی جائے۔