سانحہ گل پلازہ:جاں بحق افراد کے اہلخانہ کوفی کس ایک کروڑ دینے کی منظوری

 متاثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلاسود قرض فراہم کرنے کی منظوری ، ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کی گورننگ باڈی کی ازسرِنو تشکیل کی بھی منظوری
کراچی(آئی این پی) سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں شہید ہونے والوں کے اہلخانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس دینے کی منظوری دیدی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سانحہ گل پلازہ میں متاثر ہونے والے دکانداروں کو 5-5 لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کیلئے  کمشنر کے ذریعے ادا کئے جا رہے ہیں۔سندھ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلاسود قرض فراہم کرنے کی منظوری دی ۔علاوہ ازیں  سندھ کابینہ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کی گورننگ باڈی کی ازسرِنو تشکیل کی منظوری دے دی، ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کو رجسٹرڈ مزدوروں کی فلاحی سکیموں کے لیے دوبارہ فعال کر دیا گیا۔کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کی سابقہ مدت 22 اگست 2025 کو ختم ہو چکی تھی۔صوبائی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ نئے بورڈ کی سربراہی وزیر محنت و انسانی وسائل کریں گے، بورڈ میں سیکرٹری محکمہ محنت، محکمہ خزانہ اور سندھ ریونیو بورڈ کے نمائندے شامل ہوں گے۔